کوئٹہ (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل)چیئرمین میونسپل کمیٹی گنداخہ ڈاکٹر جاوید اختر جمالی نے کوئٹہ میں ہونے والے ہولناک بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک، بزدلانہ اور انسانیت سوز کارروائی ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ اپنے ایک جاری کردہ خصوصی مذمتی بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ معصوم اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انسانیت پر کھلا حملہ ہے اور ایسے وحشیانہ اقدامات میں ملوث عناصر کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ڈاکٹر جاوید اختر جمالی نے متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ اور غم کی اس انتہائی کٹھن گھڑی میں ہم تمام شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے ایسے بزدلانہ واقعات غیور قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، بلکہ پوری قوم امن دشمن عناصر کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح متحد ہوکر کھڑی ہے۔ آخر میں انہوں نے اللہ تعالی کے حضور دعا کی کہ وہ تمام شہدا کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے، زخمیوں کو جلد اور کامل صحت یابی نصیب کرے اور متاثرہ خاندانوں کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ و ہمت عطا فرمائے۔
