مقامی ۲۴ مئی ۲۰۲۶

چمن پھاٹک خودکش دھماکہ پشتون بلوچ وطن کو مقتل گاہ بنانے کی گھناونی سازش ہے، افغان قومی موومنٹ کے چیئرمین

کوئٹہ (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل)افغان قومی موومنٹ کے چیئرمین احمد خان نے اپنے ایک سخت مذمتی بیان میں کوئٹہ چمن پھاٹک پر ہونے والے بزدلانہ خودکش حملے اور چمن میں پولیس اہلکار پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائیاں پشتون بلوچ وطن کو مقتل گاہ بنانے کی ایک گھنانی سازش ہیں۔ صوبے کے ہر ضلع میں وزیرستان جیسے حالات پیدا کیے جا رہے ہیں، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے گنجان آباد علاقے میں عید کے پرمسرت موقع پر نہتے عوام پر خودکش حملہ کر کے بے گناہ شہریوں کو شہید کیا گیا ہے، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پشتون بلوچ وطن کو ایک بار پھر دہشت گردوں کا مرکز بنانے کے لیے حالات سازگار کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے سیکیورٹی انتظامات پر سنگین سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ شہر کے داخلی راستوں پر سیکیورٹی فورسز کی سینکڑوں چیک پوسٹیں ہونے کے باوجود حملہ آور کا اپنے ٹارگٹ تک پہنچ جانا ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ پشتون وطن میں دہشت گردانہ واقعات کو فوری روکنے کے لیے جنگی بنیادوں پر عملی اقدامات کر کے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ احمد خان نے اس دھماکے کو فرقہ پرستی اور مسلکی ناسور کو ہوا دینے کی ایک خاص سازش قرار دیتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے ان پے در پے سانحات کو قومی نسل کشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حملوں کے بعد حکمران جماعتیں اور ذمہ دار ادارے اپنی ناکامی تسلیم کرنے کے بجائے غیر ملکی اداروں پر واقعے کا ملبہ ڈال دیتے ہیں، جبکہ مٹھی بھر دہشت گردوں کا سراغ نہ لگانا خود ایک سوالیہ نشان ہے۔ صوبے کے بڑے شہروں میں مسلسل ہونے والے ان واقعات نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے۔ آخر میں انہوں نے بم دھماکے میں شہید ہونے والوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور تمام زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔