مقامی ۲۴ مئی ۲۰۲۶

رکھنی میں این 70 قومی شاہراہ پر مسلح افراد کا ناکہ، کوئلے سے لوڈ دو گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی؛ ٹوڈی کار پر فائرنگ

رکھنی (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل)یونین کونسل رڑکن کے قریب مسلح افراد نے بلوچستان سے پنجاب جانے والی اہم قومی شاہراہ این 70 (N-70) پر ناکہ لگا کر کوئلے سے لدی دو گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق، مسلح ملزمان نے شاہراہ پر ناکہ بندی کر رکھی تھی اور انہوں نے وہاں سے گزرنے والی کوئلہ لوڈ گاڑیوں کو روک کر انہیں نذرِ آتش کر دیا۔ اس کے علاوہ، ملزمان کی جانب سے ایک ٹوڈی کار پر بھی اندھا دھند فائرنگ کی اطلاع موصول ہوئی ہے، تاہم خوش قسمتی سے کار میں سوار تمام افراد اس حملے میں محفوظ رہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہو گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فورسز کے پہنچنے سے قبل ہی مسلح افراد رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقعِ واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ تخریب کاری کے اس واقعے کے بعد پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی جانب سے مفرور ملزمان کی گرفتاری اور علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے ارد گرد کے پہاڑی و میدانی راستوں پر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔