مقامی ۲۴ مئی ۲۰۲۶

پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن کا دکی کول مائنز حادثہ شہدا کو معاوضہ ادائیگی کا مطالبہ

کوئٹہ (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل)پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن بلوچستان کے جنرل سیکرٹری پیر محمد کاکڑ نے دکی کول مائنز میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں دکی میں کول مائنز کے اندر کام کے دوران 6 کانکن کان کے اندر پھنس گئے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن ضلع دکی کے جنرل سیکرٹری مولوی محمد شاہ، محمد قاسم اور حیات اللہ کی قیادت میں کارکنان فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور اپنی نگرانی میں سینئر اور تجربہ کار کانکنوں کے ہمراہ ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف کول مائنز سے ماہر اور تجربہ کار کانکنوں کو طلب کیا گیا جنہوں نے انتہائی خطرناک اور پرخطر ماحول میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے امدادی کارروائیاں مسلسل جاری رکھیں۔ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے 6 میں سے 5 کانکنوں کو زندہ نکال لیا گیا، تاہم زہریلی گیس اور مناسب ہوا نہ ہونے کے باعث ایک کانکن جانبر نہ ہوسکا اور شہید ہوگیا۔ پیر محمد کاکڑ نے شہید کانکن کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن بلوچستان اس المناک حادثے پر سوگوار خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے حکومتِ بلوچستان اور متعلقہ کمپنی سے مطالبہ کیا کہ شہید کانکن کے ورثا کو کمپنسیشن اور ڈیتھ گرانٹ ایک ماہ کے اندر ادا کی جائے، جبکہ زخمی اور متاثرہ کانکنوں کو بہترین طبی سہولیات، مکمل علاج اور صحت یابی تک مالی معاونت فراہم کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ زندہ بچ جانے والے کانکنوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ متعلقہ ادارے کانکنوں کی جانوں کے تحفظ کیلئے مثر اور عملی اقدامات یقینی بنائیں گے۔ پیر محمد کاکڑ نے پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن ضلع دکی کی قیادت اور کارکنان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فوری ریسکیو آپریشن شروع کرکے جس جرات، محنت، انسان دوستی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی دکی ٹیم کو ہمیشہ سلامت رکھے اور وہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ انسانیت کی خدمت کرتے رہیں۔