مقامی ۲۴ مئی ۲۰۲۶

کوئٹہ دھماکہ انسانیت اور امن پر بزدلانہ حملہ ہے، حاجی ولی محمد نورزئی

کوئٹہ ،مکہ مکرمہ (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکنِ صوبائی اسمبلی اور پارلیمانی سیکریٹری برائے سوشل ویلفیئر حاجی ولی محمد نورزئی نے عیدالاضحی سے قبل کوئٹہ میں ہونے والے ہولناک ٹرین دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے ایک اہم مذمتی بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ یہ بزدلانہ کارروائی انسانیت، امن اور بلوچستان کے پرامن ماحول کے خلاف ایک کھلی سفاکیت ہے۔ عید جیسے مقدس اور خوشیوں بھرے تہوار کے قریب معصوم، نہتے اور بے گناہ شہریوں کو خون میں نہلانا دراصل پاکستان کے امن، عوامی خوشیوں اور ہماری قومی یکجہتی کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش ہے۔حاجی ولی محمد نورزئی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ دہشت گردوں نے ایک بار پھر انسانیت سوز درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معصوم انسانوں کو نشانہ بنایا ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے بزدلانہ ہتھکنڈوں سے صوبے کے عوام اور سیکیورٹی اداروں کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے واقعے میں شہید ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی، سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل اور ہسپتالوں میں زیرِ علاج تمام زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔