مقامی ۲۴ مئی ۲۰۲۶

کوئٹہ ٹرین حملہ،دھماکے کے پاس واقع فلیٹ میں رہائش پذیر خالد جاوید اہلیہ اور دو معصوم بچوں سمیت جاں بحق

کوئٹہ (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل)کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب شٹل ٹرین پر ہونے والے بزدلانہ اور ہولناک حملے کے نتیجے میں ایک اور انتہائی دلخراش اور لرزہ خیز سانحہ سامنے آیا ہے، جہاں دھماکے کی جگہ کے بالکل قریب واقع فلیٹ میں رہائش پذیر ایک ہی خاندان کے چار افراد ملبے تلے دب کر اور دھماکے کی شدت کے باعث جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں مقامی شہری خالد جاوید، ان کی اہلیہ، 13 سالہ بیٹی اور محض 8 سالہ معصوم بیٹا شامل ہیں۔ اس اندوہناک واقعے کی تصدیق کے بعد پورے علاقے میں کہرام مچ گیا ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔عینی شاہدین اور خاندانی ذرائع کے مطابق، اتوار کی صبح جب یہ شدید خودکش کار بم دھماکہ ہوا تو خالد جاوید اپنے بال بچوں سمیت فلیٹ میں موجود تھے، دھماکے کا پریشر اور لہر اس قدر شدید تھی کہ فلیٹ کی دیواریں اور چھت زمین بوس ہو گئیں، جس کے نتیجے میں پورا خاندان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ معصوم بچوں اور والدین کی بیک وقت شہادت نے نہ صرف اس مظلوم خاندان کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا بلکہ پورے کوئٹہ شہر کو گہرے دکھ، صدمے اور شدید غم و غصے میں مبتلا کر دیا ہے۔ سماجی و عوامی حلقوں نے معصوم شہریوں اور بچوں کی اس ناگہانی موت پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے اسے انسانیت پر بدترین حملہ قرار دیا ہے۔