مقامی ۲۳ مئی ۲۰۲۶

بلوچستان میں شدید ہیٹ ویو کا الرٹ، درجہ حرارت 50 ڈگری تک جانے کا خدشہ

کوئٹہ: بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کی لہر کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 25 مئی سے صوبے کے میدانی اور گرم علاقے خطرناک ہیٹ ویو کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں، جس کے دوران درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ بڑھنے اور بعض اضلاع میں پارہ 50 ڈگری تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق 25 سے 31 مئی تک موسم انتہائی خشک اور شدید گرم رہے گا، جس سے روزمرہ زندگی متاثر ہو سکتی ہے جبکہ سبی، نصیر آباد، ڈیرہ مراد جمالی اور دیگر علاقوں میں 47 سے 50 ڈگری تک گرمی جبکہ کوئٹہ میں 41 سے 43 ڈگری تک درجہ حرارت متوقع ہے۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز، زیادہ پانی کے استعمال اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے جبکہ محکمہ صحت اور انتظامیہ کو ہسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک وارڈز فعال رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔