مقامی ۲۳ مئی ۲۰۲۶

سول اسپتال کوئٹہ میں 6 ماہ کے دوران 11 لاکھ سے زائد مریضوں کا علاج، جعلی ویڈیوز کی تردید

کوئٹہ: سول اسپتال کوئٹہ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالہادی کاکڑ نے ہنگامی پریس کانفرنس میں بتایا کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران اسپتال میں 11 لاکھ 47 ہزار 87 مریضوں کو او پی ڈی سہولیات فراہم کی گئیں جبکہ 7 ہزار 322 میجر آپریشن، 2 ہزار 153 سی سیکشن، 1 ہزار 828 انجیو گرافی اور 2 لاکھ سے زائد لیب ٹیسٹ مفت کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ تھیلیسمیا، آنکھوں اور سٹی اسکین سمیت ہزاروں مریضوں کا کامیاب علاج کیا گیا، تاہم سوشل میڈیا پر اسپتال کے خلاف منظم مہم چلائی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر عبدالہادی کاکڑ نے واضح کیا کہ چوہوں کی وائرل ویڈیو جعلی ہے اور بھارتی ریاست اتر پردیش کی پرانی ویڈیو کو سول اسپتال سے منسوب کیا گیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ معاملہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی سائبر کرائم ونگ کو بھیج دیا گیا ہے جبکہ اسپتال میں ادویات کی فراہمی بہتر بنانے، مختلف شعبوں کی مرمت اور 129 نئی نرسوں کی بھرتی کا عمل بھی جاری ہے۔