کوئٹہ (صداقت نیوز)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ تحصیل صدر کے ایگزیکٹیو اور تحصیل کمیٹی کے علیحدہ علیحدہ اجلاس تحصیل سیکرٹری نعیم پیر علیزئی کی زیر صدارت منعقد ہوئے، جن میں پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر و ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری نوابزادہ اسفند یار جوگیزئی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں گزشتہ ماہ کی سیاسی و تنظیمی رپورٹس پیش کی گئیں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر اہم فیصلے کیے گئے، جن کے مطابق عید کے تیسرے روز چمن میں ہونے والے جلسہ عام میں بھرپور شرکت کا فیصلہ کیا گیا۔ مقررین نے پارٹی چیئرمین اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی قیادت میں 1973 کے آئین کے تحفظ، جمہوریت اور پارلیمنٹ کی خودمختاری کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ کارکنوں پر زور دیا گیا کہ وہ تنظیمی ڈسپلن اور نظم و ضبط کو مضبوط بناتے ہوئے سوشل میڈیا کے دور میں بھی پارٹی مؤقف کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچائیں۔ انہوں نے مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی، بجلی و گیس کی طویل لوڈشیڈنگ اور حکومتی نااہلی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو عوامی احتجاج میں شدت آسکتی ہے، جس کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔
