چمن(ڈیلی صداقت انٹرنیشنل) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع چمن کے زیراہتمام، پارٹی چیئرمین، قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف اور تحریک تحفظِ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے دورہ چمن اور عید کے تیسرے دن منعقد ہونے والے عظیم الشان جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اور ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ضلعی قائم مقام سیکریٹری حاجی جمال خان اچکزئی نے کی، جبکہ صوبائی جنرل سیکریٹری کبیر افغان اور صوبائی ڈپٹی سیکریٹری نظام عسکر نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں عید کے تیسرے دن گورنمنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول کے پلے گرانڈ میں ہونے والے مرکزی جلسہ عام کی تیاریوں کو حتمی شکل دیتے ہوئے انتظامات کو تیز تر کر دیا گیا، جو اب آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔اجلاس کے دوران قائدِ تحریک محمود خان اچکزئی کی چمن آمد پر تاریخی و فقید المثال استقبال، جلوس کی روانگی، پنڈال سجانے، وال چاکنگ، قدآور تصاویر، پورٹریٹ، پارٹی جھنڈے لہرانے، ٹریفک پلان، کار پارکنگ اور نظم و ضبط سمیت سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے لیے مختلف انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں، جبکہ ضلعی قیادت نے سیکیورٹی کلیئرنس کے لیے ڈپٹی کمشنر چمن سے بھی باقاعدہ ملاقات کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی جنرل سیکریٹری کبیر افغان، حاجی جمال خان اچکزئی اور دیگر رہنماں نے کہا کہ موجودہ کٹھن اور سنگین ترین حالات میں پارٹی سربراہ کا دورہ چمن انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جس کے دور رس سیاسی نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ خطہ آج جن بحرانوں سے دوچار ہے، ہماری قیادت بہت پہلے ان کی نشاندہی کر چکی ہے؛ پارٹی چیئرمین جلسہ عام میں ملکی و بین الاقوامی صورتحال پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے عوام کو مستقبل کے خطرات اور چیلنجز سے باخبر کریں گے۔ رہنماں نے فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک کی تمام جمہوری جماعتیں ہمارا بیانیہ اپنا چکی ہیں، اور جمہوری و غیر جمہوری قوتوں کی اس کشمکش میں تمام عوام دوست اور جمہوریت پسند قوتیں ہمارے ساتھ کھڑی ہیں۔ انہوں نے چمن اور جنوبی پشتونخوا کے تمام عوام سے اپیل کی کہ وہ عید کے تیسرے دن چمن پہنچ کر اس تاریخی جلسے میں اپنی بھرپور شرکت یقینی بنائیں۔
