کوئٹہ(یو این اے )پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے، جسے نئی نسل جدید تقاضوں کے مطابق مزید مستحکم بنائے گی۔انہوں نے چین میں منعقدہ آل پولیٹیکل پارٹیز کانفرنس اور پاک چائنا یوتھ سمٹ کو دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات، نوجوانوں کے کردار اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی محض سفارتی تعلق نہیں بلکہ باہمی اعتماد، تزویراتی شراکت داری اور ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہنے کی لازوال مثال ہے۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ چین نے تعلیم، تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور نوجوانوں پر سرمایہ کاری کرکے دنیا میں ترقی کی نئی مثال قائم کی ہے، جبکہ پاکستان کی نوجوان آبادی ملک کا سب سے بڑا سرمایہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے نوجوان مشترکہ طور پر مصنوعی ذہانت، ای کامرس، قابل تجدید توانائی، کلائمیٹ ریزیلینس اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں انقلابی کردار ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے سی پیک کو پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی و تزویراتی تعاون کا تاریخی منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے نے توانائی، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں نمایاں بہتری لائی۔ ان کے مطابق گوادر پورٹ، ملتان سکھر موٹروے اور دیگر منصوبوں نے پاکستان میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا اور علاقائی روابط کو مضبوط بنایا۔رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ پاک چین تعاون کے اگلے مرحلے میں نوجوانوں کی شمولیت ناگزیر ہے۔ انہوں نے پاکستان چین یوتھ انوویشن فنڈ، جامعات میں اے آئی و ٹیکنالوجی ایکسچینج سینٹرز کے قیام، مشترکہ اسٹارٹ اپ پروگرامز اور نوجوانوں کے درمیان فلم، پوڈکاسٹ، ڈاکیومنٹری اور ڈیجیٹل کانٹینٹ کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ دنیا اس وقت جنگوں، معاشی عدم استحکام اور موسمیاتی بحرانوں کا سامنا کررہی ہے، ایسے میں نوجوانوں کی سفارتکاری وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان 75 سالہ تعلقات آنے والے وقت میں نوجوانوں، عوامی رابطوں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مزید وسعت اختیار کریں گے۔
