تازہ ترین ۱ نومبر ۲۰۲۶

وفاقی حکومت نے ریفائنریز کے لیے پیٹرول کی قیمت مقرر کرنے کا فارمولا تبدیل کردیا

اسلام آباد (ویب نیوز) وفاقی حکومت نے ریفائنریز کے لیے پیٹرول کی قیمت مقرر کرنے کا طریقہ کار تبدیل کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آئل نے اوگرا کو نئے قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار سے متعلق خط ارسال کیا ہے، جس کے مطابق پیٹرول کی درآمدی قیمت کا تعین پی ایس او کے درآمدی کارگو کی اصل لاگت کی بنیاد پر ہوگا، جبکہ یہ تفصیل دستیاب نہ ہونے پر آخری دستیاب کارگو کی قیمت کو بنیاد بنایا جائے گا۔ خط کے مطابق ریفائنریز کے لیے پریمیم اور دیگر اخراجات 30 روز تک برقرار رہیں گے، جبکہ ایکس ریفائنری قیمت میں پریمیم اور کسٹمز ڈیوٹی کے لیے 7 مارچ 2026 کی سطح کو بنیاد بنایا جائے گا۔ درآمدی اور ریفائنری قیمت کے فرق کی رقم پیٹرولیم لیوی اکاؤنٹ میں منتقل ہوگی اور اسے پیٹرول پر ریلیف کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق 80 روپے فی لیٹر لیوی برقرار رہے گی۔