کوئٹہ (ویب نیوز) سوئی سدرن گیس کمپنی نے کوئٹہ میں بھاری گیس بلوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسمِ سرما کے آغاز، گیس کے زیادہ استعمال اور اوگرا کے مقرر کردہ ٹیرف کے باعث بلوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ترجمان کے مطابق بعض صارفین زیادہ بلوں سے بچنے کے لیے میٹر ٹیمپر کرتے ہیں، ایسے میٹروں کی بلنگ منسلک لوڈ کی بنیاد پر کی جاتی ہے۔ کمپنی کے فیصلے سے اختلاف کرنے والے صارفین اپنی موجودگی میں میٹر تبدیل کرانے اور لیبارٹری سے جانچ کی درخواست دے سکتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اضافی چارجز ثابت نہ ہونے پر واپس لے لیے جاتے ہیں، جبکہ شکایات کے ازالے کے لیے بلوچستان میں ہیلپ لائن ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے۔
