تازہ ترین ۱ نومبر ۲۰۲۶

صوبائی حکومت کی بے حسی اور انتظامی ناکامی نے عوام کو مشکلات میں دھکیل دیا، جمعیت علمائے اسلام کوئٹہ

کوئٹہ (ویب نیوز) جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالرحمٰن رفیق اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی بے حسی اور طرزِ حکمرانی کے باعث عوام سنگین معاشی و معاشرتی مشکلات سے دوچار ہیں۔ ان کے مطابق بے روزگاری، مہنگائی، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ گندم کے بحران کے باعث آٹے کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی دعوے اس وقت تک بے معنی ہیں جب تک گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی نہیں کی جاتی۔ رہنماؤں نے صوبائی حکومت سے گندم اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔