کوئٹہ (ویب نیوز) پاکستان کی جانب سے سری لنکا کو فائنل میں شکست دے کر سہ فریقی کرکٹ سیریز جیتنے کے باوجود قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کی بیٹنگ فارم بدستور زیرِ بحث ہے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے پانچ میچوں میں مجموعی طور پر 118 رنز بنائے، جن میں ان کی سب سے بڑی اننگز 45 رنز کی تھی، جبکہ وہ کوئی نصف سنچری بھی اسکور نہ کر سکے۔ بابر نے سری لنکا کے خلاف پہلے میچ میں 45، انگلینڈ کے خلاف دو میچوں میں 34 اور 10، جبکہ سری لنکا کے خلاف چوتھے میچ میں 29 رنز بنائے، تاہم فائنل میں پانچ گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ گزشتہ برسوں میں متعدد یادگار اننگز کھیلنے والے بابر کی حالیہ کارکردگی پر سابق کرکٹرز کی جانب سے تنقید اور حمایت دونوں طرح کے بیانات سامنے آئے ہیں، جبکہ انہیں کچھ عرصہ آرام کرنے یا آسٹریلیا اور انگلینڈ میں کوچنگ حاصل کرنے کے مشورے بھی دیے جا رہے ہیں۔
