کوئٹہ(ڈیلی صداقت انٹرنیشنل) صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم کھوسہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سڑکوں اور انفراسٹرکچر کی بہتری سے ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا اور حکومت عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔یہ بات انہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی‘ صوبے بھر میں جاری شاہراہوں، پلوں اور سرکاری عمارتوں کے منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔ وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں تاکہ عوام جلد ان سہولیات سے مستفید ہوسکیں۔میر سلیم کھوسہ نے کہا کہ دیہی علاقوں کو شہروں سے ملانے والی رابطہ سڑکوں کی تعمیر حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ بہتر شاہراہیں تجارت، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مثبت اثرات مرتب کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے متعلقہ انجینئرز اور افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مفاد کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔
