کوئٹہ( یو این اے)صوبائی دارالحکومت کے مصروف علاقے مسجد روڈ پر دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات کے دوران تین نامعلوم مسلح افراد نے بینک سے رقم نکلوا کر آنے والے ایک شہری کو اسلحے کے زور پر لوٹ لیا۔ ذرائع کے مطابق ملزمان نے شہری سے تقریبا ساڑھے تین لاکھ روپے نقدی چھین لی اور فرار ہونے لگے واقعے کے فورا بعد متاثرہ شہری نے شور مچایا جس پر اہل علاقہ اور شہریوں نے ڈاکوں کا تعاقب شروع کردیا۔ تعاقب کے دوران ملزمان کی گاڑی تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر سڑک کنارے نصب بجلی کے کھمبے سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہوگیا موقع پر موجود شہریوں نے زخمی ڈاکو کو قابو کرلیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور گاڑی کو تحویل میں لے کر زخمی ملزم کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے تفتیش کا عمل شروع کردیا گیا ہے جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں ناکہ بندی اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس نے واقعے کے شواہد اکٹھے کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔
