کوئٹہ (یو این اے)جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینیئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، مولانا محب اللہ، مولانا محمد ایوب ایوبی، شیخ مولانا عبدالاحد، مولانا سعید احمد، حافظ سراج الدین، مفتی محمد روزی خان بادیزئی، مولانا محمد شعیب جدون، رحیم الدین ایڈووکیٹ اور مولانا محمد عارف شمشیر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ جمعیت علما اسلام نے ہر دور میں مظلوم، محکوم اور پسے ہوئے طبقات کی موثر آواز بن کر حق و انصاف کی جدوجہد کی ہے۔ ظلم، جبر، استحصالی نظام اور ناانصافی کے خلاف جمعیت علما اسلام کی عوامی جدوجہد اور اصولی موقف کی ایک روشن اور تاریخ ساز روایت موجود ہے جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بدامنی، بے روزگاری، عوام دشمن معاشی پالیسیوں اور حکومتی نااہلی کے خلاف جمعیت علما اسلام 22 مئی کو ایک عظیم الشان احتجاجی ریلی کا انعقاد کررہی ہے جو عوامی احساسات اور مظلوم طبقات کی ترجمانی کا بھرپور مظہر ثابت ہوگی۔اس سلسلے میں جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے زیراہتمام شہر کے مختلف علاقوں میں تشہیری مہم جاری ہے جہاں جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے ضلعی مجلس عاملہ کے اراکین حاجی صالح محمد، حاجی رحمت اللہ کاکڑ، عبدالصمد حقیار، مولوی علی جان، مولوی سعداللہ آغا، مولوی محمد نواز، حافظ حبیب الرحمن محمد عمر آغا اور جمعیت طلبہ اسلام کے رہنماں، کارکنان اور انصارالاسلام کے رضاکاروں نے عوام میں پمفلٹس تقسیم کیے اور شہریوں کو 22 مئی کی عظیم الشان احتجاجی ریلی میں بھرپور شرکت کی باقاعدہ دعوت دی۔ رہنماں نے کہا کہ عوام موجودہ حالات سے شدید اضطراب اور بے چینی کا شکار ہیں اور 22 مئی کی احتجاجی ریلی عوامی حقوق، قومی خودمختاری اور مظلوم عوام کی آواز بن کر ابھرے گی۔ انہوں نے کارکنوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ احتجاجی ریلی میں بھرپور شرکت کو یقینی بناکر ظلم، ناانصافی اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف اپنا جمہوری اور قومی کردار ادا کریں۔
