کوئٹہ (ڈیلی صداقت انٹرنیشنل) رکن بلوچستان اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما میر عبید گورگیج نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے عوام کا احساسِ محرومی ختم کرنے کیلئے سنجیدہ اور پرعزم ہے جبکہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں موجودہ صوبائی حکومت صوبے میں ترقی، خوشحالی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ بلوچستان کے عوام کے حقوق کی حقیقی ترجمان رہی ہے اور وفاق میں بھی بلوچستان کے معاملات پر بھرپور عوامی موقف اختیار کیا جا رہا ہے۔اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود، پارٹی کارکنوں اور علاقائی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے میر عبید گورگیج نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان پارٹی کا قیمتی سرمایہ اور طاقت ہیں، جنہوں نے ہر مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کے مسائل کے حل، ان کی فلاح و بہبود اور تحفظات کے ازالے کیلئے حکومت اور پارٹی قیادت خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ کارکنان کو درپیش مشکلات کا بروقت خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی کارکردگی ماضی کی حکومتوں کے مقابلے میں کہیں بہتر ہے اور حکومت عوامی خدمت، شفافیت اور ترقی کے ایجنڈے پر بھرپور انداز میں عمل پیرا ہے۔ صوبے کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ تعلیم، صحت، مواصلات اور روزگار کے شعبوں میں بہتری کیلئے بھی موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اب تبدیلی محسوس کر رہے ہیں اور حکومت صوبے کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ میر عبید گورگیج نے کہا کہ بلوچستان کے عوام باشعور ہیں اور وہ منفی سیاست کو مسترد کر چکے ہیں۔ عوام اور پارٹی کارکنان کو چاہیے کہ وہ مثبت سوچ کے ساتھ حکومت کا ساتھ دیں تاکہ ترقی اور خوشحالی کا عمل مزید تیز ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور پارٹی قیادت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی وژن کے مطابق بلوچستان کے عوام کی محرومیوں کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی، بنیادی سہولیات کی بہتری اور امن و امان کے قیام کیلئے حکومت سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے اور آنے والے دنوں میں صوبے میں ترقی و خوشحالی کے مزید مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
