مقامی ۱۹ مئی ۲۰۲۶

بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھپکیاں خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش ہے، جمال شاہ کاکڑ کا سخت ردِعمل

کوئٹہ (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل) پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکریٹری اور رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے بھارتی آرمی چیف کی جانب سے دی جانے والی گیدڑ بھپکیوں اور اشتعال انگیز بیانات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت خطے کے پر امن ماحول کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ پاکستان ایک ذمہ دار اور باوقار ایٹمی قوت ہے جو اپنی خودمختاری، جغرافیائی سلامتی اور قومی وقار پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں مسلم لیگ (ن) کے ایک اعلی سطحی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ ماضی کے معرکوں اور خاص کر معرکہِ حق میں پاک فوج نے دشمن کو جس مثر، بروقت اور بھرپور انداز میں دندان شکن جواب دیا، اس سے پوری دنیا نے پاکستان کی مضبوط دفاعی صلاحیت، اعلی عسکری حکمتِ عملی اور بے مثال قومی یکجہتی کو دیکھ لیا، مگر افسوس کہ انتہا پسند بھارتی قیادت نے اس واضح اور تاریخی پیغام سے اب تک کچھ نہیں سیکھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت مسلسل جنگی جنون کو ہوا دے کر اپنے سنگین داخلی مسائل، گرتی ہوئی معیشت اور عوامی حقوق کی پامالی سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پوری غیور پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وطنِ عزیز کے خلاف کسی بھی قسم کی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل اور بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ بھارت کو چاہیے کہ وہ خطے میں کشیدگی کو بڑھانے کے بجائے ہوش کے ناخن لے اور امن، استحکام اور باہمی احترام کی سفارتی راہ اپنائے۔ جمال شاہ کاکڑ نے واضح الفاظ میں پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے خطے میں مستقل امن کا خواہاں رہا ہے، لیکن اگر دشمن کی جانب سے وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے بھی دیکھا گیا تو پوری قوم اور افواجِ پاکستان مل کر دشمن کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ کے لیے خاک میں ملا دیں گے۔