مقامی ۱۹ مئی ۲۰۲۶

میر علی مدد جتک عوام کے حقیقی اور ہردلعزیز رہنماہیں,میر خیر اللہ جتک

کوئٹہ (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی رہنما، معروف قبائلی شخصیت میر خیر اللہ جتک نے سریاب سے حاجی میر علی مدد جتک کی قیادت میں سینکڑوں افراد کی جمعیت علمائے اسلام سے مستعفی ہوکر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا زبردست خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بڑی سیاسی پیشرفت نے یہ ثابت کردیا ہے کہ حاجی میر علی مدد جتک عوام کے حقیقی، مخلص اور ہردلعزیز رہنما ہیں جن پر عوام بھرپور اور اندھا اعتماد کرتے ہیں۔ میر خیر اللہ جتک نے کہا کہ سریاب سمیت بلوچستان بھر کے عوام اب روایتی نعروں اور کھوکھلے وعدوں سے تنگ آچکے ہیں اور وہ صرف ان قیادتوں پر اعتماد کررہے ہیں جو عملی خدمت، عوامی رابطے اور عوامی مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حاجی میر علی مدد جتک نے ہمیشہ عوامی مفادات، بھائی چارے، ترقی اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کیلئے جدوجہد کی ہے جس کی وجہ سے آج بڑی تعداد میں لوگ ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے عوامی فلسفے کی امین جماعت ہے جس نے ہمیشہ غریب، مزدور، کسان، نوجوان اور محروم طبقات کی آواز بلند کی۔ یہی وجہ ہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں عوام جوق در جوق پیپلز پارٹی میں شامل ہورہے ہیں اور پارٹی مزید مضبوط ہورہی ہے۔ میر خیر اللہ جتک نے کہا کہ سریاب میں ہونے والی حالیہ سیاسی شمولیت نہ صرف پیپلز پارٹی کی عوامی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے بلکہ یہ مخالف جماعتوں کیلئے بھی ایک بڑا پیغام ہے کہ عوام اب خدمت اور کردار کی سیاست چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت پاکستان پیپلز پارٹی کا ہے اور پارٹی بلوچستان میں پہلے سے زیادہ مضبوط، فعال اور منظم انداز میں عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔ انہوں نے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے تمام افراد کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ نئے شامل ہونے والے کارکن پارٹی پیغام کو گھر گھر پہنچانے اور عوامی مسائل کے حل کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔