مقامی ۱۷ مئی ۲۰۲۶

کوئٹہ میں 3فراد کے قتل کے کیس میں بڑی پیش رفت، نصیرآباد میں مشترکہ آپریشن کے دوران 5 ملزمان گرفتار

ڈیرہ مراد جمالی(صداقت انٹرنیشنل)کوئٹہ میں دو ماہ قبل میر ہارون مینگل سمیت تین افراد کے قتل کے ہائی پروفائل کیس کی تحقیقات میں انتہائی اہم پیش رفت ہوئی ہے، جس کے تحت کوئٹہ اور نصیرآباد پولیس نے ایک مشترکہ گرینڈ آپریشن کے دوران واقعے میں ملوث 5 مرکزی ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق، گزشتہ شب کوئٹہ پولیس اور نصیرآباد پولیس نے ایک خفیہ اطلاع پر صدر پولیس تھانے کی حدود بالان شاخ میں واقع گوٹھ محمد رحیم مینگل میں مشترکہ طور پر ایک بڑا چھاپہ مارا۔ اس کارروائی کے دوران میر اشرف مینگل کے دو بیٹوں میر اختر مینگل اور میر سکندر مینگل سمیت پانچ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس نے چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے مختلف ساخت کا خودکار اسلحہ، سینکڑوں گولیاں اور دیگر ممنوعہ سامان بھی برآمد کیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے تمام ملزمان کو سخت سیکیورٹی میں کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان سے قتل کے مقدمے اور اسلحے سے متعلق مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔