پاکستان ۲۴ ستمبر ۲۰۲۶

پاکستان اور مالدیپ کے تعلقات باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں، سیدال خان ناصر

اسلام آباد(ویب نیوز) قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے مالدیپ کی پیپلز مجلس کے اسپیکر عبدالرئیم عبداللہ نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی سفارت کاری، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، دفاع، سیاحت، موسمیاتی تعاون اور عوامی روابط سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیدال خان ناصر نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے تعلقات باہمی احترام، اعتماد، مشترکہ مفادات اور دیرینہ دوستانہ روابط پر استوار ہیں، دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان وفود کے تبادلے اور تجربات کے اشتراک کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ، براہ راست فضائی و بحری روابط، پاکستانی مصنوعات کی مالدیپ میں مارکیٹ رسائی اور مالدیپ کے طلبہ کے لیے پاکستانی جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے موسمیاتی تحقیق، دفاعی تربیت، بحری سلامتی اور استعداد کار میں تعاون بڑھانے کی ضرورت بھی اجاگر کی۔ مالدیپ کے اسپیکر عبدالرئیم عبداللہ نے پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو اہم قرار دیتے ہوئے مختلف شعبوں میں پاکستانی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں موجودہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور نئے شعبوں میں مشترکہ تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔