پاکستان ۲۴ ستمبر ۲۰۲۶

خیبر پختونخوا حکومت کا منظور کردہ ایکٹ عجلت میں لایا گیا، نظرثانی کی جائے، کامران مرتضیٰ

کوئٹہ(ویب نیوز) جمعیت علماء اسلام لائرز فورم کے مرکزی صدر و سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے منظور کیا گیا ایکٹ عجلت میں لایا گیا ہے، جس سے صوبے میں گورنر راج کی راہ ہموار ہونے کا خدشہ پیدا ہوسکتا ہے، اس لیے صوبائی حکومت کو اس پر نظرثانی کرنی چاہیے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اس معاملے پر قانونی ماہرین سے مشاورت کر رہی ہے اور ایکٹ کے تمام آئینی و قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد واضح موقف پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو بھی عجلت کے بجائے معاملے کے تمام پہلوؤں پر غور کرنا چاہیے تاکہ مستقبل میں آئینی یا قانونی پیچیدگی پیدا نہ ہو۔ کامران مرتضیٰ نے مولانا فضل الرحمٰن اور مولانا عطاء الرحمٰن کے سعودی عرب کے دورے کے بارے میں کہا کہ دونوں رہنما پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق گئے ہیں اور ان کے دورے کو موجودہ سیاسی معاملات سے جوڑنا درست نہیں۔