کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان کے قبائلی، سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی، سردار احمد خان غیبزئی، مولانا محمد خان شیرانی، سابق نگران وزیراعلیٰ نواب غوث بخش باروزئی، عبدالمتین اخوندزادہ، پروفیسر فائزہ میر، ڈاکٹر لعل محمد کاکڑ، جہاں آرا تبسم، علی احمد بیگ اور دیگر نے کوئٹہ پریس کلب میں سردار احمد خان غیبزئی کی کتاب “واشنگٹن سے بیجنگ تک”* کی تقریبِ رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 80 برس سے بلوچستان کے مسائل برقرار ہیں کیونکہ ابتدا ہی سے ان کی درست تشریح نہیں کی گئی۔ مقررین نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو امن، ترقی اور سیاسی عمل میں آزادانہ حصہ لینے کا موقع نہیں دیا گیا اور صوبے کو مختلف بحرانوں میں الجھائے رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا دیرپا حل عوامی حقوق، سیاسی شعور، اتحاد اور باہمی اعتماد میں ہے، جبکہ لیویز فورس کے خاتمے سمیت بعض پالیسی فیصلوں نے مزید پیچیدگیاں پیدا کیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ جب تک طرزِ عمل اور پالیسیوں میں تبدیلی نہیں آئے گی، بلوچستان کے مسائل کا حل ممکن نہیں ہوگا۔.
