کوئٹہ (ویب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی بیان کے مطابق 23 ستمبر 2026 کو پشتونوں کا عالمی ثقافتی دن منایا جائے گا، جبکہ پارٹی اس سے قبل بھی یہ دن جوش و جذبے کے ساتھ مختلف ثقافتی پروگراموں کے انعقاد کے ذریعے مناتی رہی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی خراب صورتحال، شاہراہوں کی جزوی و مکمل بندش، سڑکوں پر مسلسل پیش آنے والے حادثات، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور لوگوں کے اغوا کرکے تاوان کے بدلے رہائی کا غیر انسانی سلسلہ بدستور جاری ہے۔ بیان کے مطابق صوبے کے عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، لیکن حکومت اس ذمہ داری کو پورا کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے اور ایسی مسلط حکومتوں کو اقتدار سے الگ ہوجانا چاہیے۔ پارٹی نے کہا کہ صوبے میں جاری واقعات کے خلاف متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا اور اب تک کسی ذمہ دار نے استعفیٰ بھی نہیں دیا، جو افسوسناک ہے۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ پشتونوں کا عالمی ثقافتی دن پورے ملک میں سادگی کے ساتھ منایا جائے گا اور اس سلسلے میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ایک سادہ اور باوقار ثقافتی تقریب منعقد کی جائے گی۔ پارٹی نے تمام صوبائی تنظیموں کو بھی ہدایت کی ہے کہ پشتون ثقافتی دن کے حوالے سے سادہ اور باوقار تقریبات کے انعقاد کے لیے پروگرام ترتیب دیں۔
