کوئٹہ (ویب نیوز) 14 اگست کے موقع پر کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی، نماز جمعہ کے اجتماعات اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی جبکہ ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد رہی۔ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے مساجد اور امام بارگاہوں کے اندر اور باہر اضافی فورسز تعینات کی گئیں، جہاں داخل ہونے والے افراد کی سخت تلاشی لی گئی جبکہ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی گئی۔ شہر کے اہم چوکوں، حساس مقامات اور سرکاری عمارتوں کے اطراف بھی سکیورٹی اہلکار تعینات رہے، جبکہ کوئٹہ میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی تلاشی کا عمل بھی مزید سخت کردیا گیا۔ نماز جمعہ کے دوران علماء کرام نے ملک کے استحکام، دہشتگردی کے خاتمے، امن و سلامتی اور امت مسلمہ کی کامیابی کے لیے خصوصی اور اجتماعی دعائیں کیں۔ خطبات جمعہ میں علماء کرام نے عوام پر زور دیا کہ باہمی اختلافات ختم کرکے ان عناصر کے خلاف متحد ہوجائیں جو ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام انسانیت، امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، اسلام کے نام پر دہشتگردی اور بے گناہ انسانوں کا قتل کرنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ علماء کرام نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا ملک ہے اور اللہ تعالیٰ اس کی حفاظت فرمائے گا، تاہم ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ ملک کے استحکام، امن اور ترقی کے لیے ذاتی مفادات کے ساتھ ساتھ قومی مفادات کو بھی مقدم رکھے۔
