کوئٹہ(صداقت ویب سائٹ)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان نے سرکاری ہسپتالوں میں جاری صورتحال اور ہڑتال کے باعث متاثر ہونے والے مریضوں کے لیے بڑا ریلیف اقدام کرتے ہوئے صوبے بھر کے نجی ہسپتالوں اور کلینکس میں شام کے اوقات میں مفت او پی ڈی سروسز شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان “YDA United We Stand” کے عنوان سے جاری کیا گیا ہے جس کے تحت بلوچستان کے مختلف معروف نجی ہسپتالوں میں مختلف اسپیشلسٹ ڈاکٹرز مفت طبی معائنہ اور مشاورت فراہم کریں گے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق اس اقدام کا مقصد سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے بڑھتے ہوئے دبا کو کم کرنا، ہڑتال کے دوران متاثر ہونے والے مریضوں کو فوری طبی سہولت فراہم کرنا اور غریب اور متوسط طبقے کے مریضوں کو مفت علاج اور مشاورت دے کر صحت کے شعبے میں عوامی ریلیف کو یقینی بنانا ہے۔یو این اے کے مطابق اکرم ہسپتال میں ڈاکٹر حامد اللہ پانیزئی (آرتھوپیڈک سرجن)، ڈاکٹر طاہر اسلم (جنرل سرجن) اور ڈاکٹر احمد نواز (یورولوجسٹ) مفت خدمات انجام دیں گے۔ راحت ہسپتال میں ڈاکٹر انور جان (یورولوجسٹ)، ڈاکٹر گلاب شاہ (نیورولوجسٹ)، ڈاکٹر بہاالدین (گیسٹروانٹرولوجسٹ)، ڈاکٹر فاروق باریک (کارڈیالوجسٹ)، ڈاکٹر سعید الرحمن کاکڑ (پلمونولوجسٹ) اور ڈاکٹر ہدایت کاکڑ (نیورو سائیکاٹرسٹ) مریضوں کا معائنہ کریں گے۔ مڈ ایسٹ ہسپتال میں ڈاکٹر پارس شہزاد رند (پیڈیاٹرک فزیشن)، ڈاکٹر ذاکر بلوچ (جنرل سرجن)، ڈاکٹر عارف شاہوانی (پیڈیاٹرک سرجن) اور ڈاکٹر عمر کاسی (جنرل سرجن) خدمات پیش کریں گے۔ ڈاکٹر ہسپتال میں ڈاکٹر شکیل (جنرل سرجری)، ڈاکٹر سرفراز (ای این ٹی)، ڈاکٹر وحید کاکڑ (جنرل فزیشن)، ڈاکٹر شازیب بگٹی (پلاسٹک سرجن)، ڈاکٹر بیسیر کاکڑ (پیڈیاٹرک سرجن) اور ڈاکٹر قیصر اقبال (کارڈیالوجسٹ) موجود ہوں گے۔ ساجد ہسپتال میں ڈاکٹر عارف کبزئی (پیڈیاٹرک فزیشن)، ڈاکٹر حبیب منگل (جنرل فزیشن)، ڈاکٹر نعیم جمالی (گیسٹروانٹرولوجسٹ)، ڈاکٹر قیصر پانیزئی (گیسٹروانٹرولوجسٹ) اور ڈاکٹر افتخار (کارڈیالوجسٹ) غریب مریضوں کا مفت علاج کریں گے۔اسی طرح حاجی سنگین ہسپتال، نیشنل ہسپتال، ریحان ہسپتال، سلیم کمپلیکس، ڈاکٹر کلیم اللہ ہسپتال، سلطان ترین ہسپتال اور گیلانی ہسپتال میں بھی مفت او پی ڈی سروسز فراہم کی جائیں گی، جہاں درجنوں ماہر ڈاکٹرز مختلف شعبوں جیسے کارڈیالوجی، نیورولوجی، آرتھوپیڈک، گیسٹروانٹرولوجی، یورولوجی، پیڈیاٹرکس اور جنرل سرجری میں خدمات انجام دیں گے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنماں کے مطابق یہ اقدام مکمل طور پر انسانی خدمت کے جذبے کے تحت کیا جا رہا ہے تاکہ سرکاری نظام میں تعطل کے باعث مریضوں کو درپیش مشکلات کم کی جا سکیں اور نوجوان ڈاکٹرز اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے عوام کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ دوسری جانب شہری حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی اور صحت کے بڑھتے ہوئے اخراجات کے دور میں مفت او پی ڈی سروس ایک بڑا ریلیف ہے، تاہم انہوں نے اس اقدام کے مستقل اور منظم نفاذ کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
