کوئٹہ(ویب نیوز) ہنہ اوڑک میں دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی بیان میں ہنہ اوڑک دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صوبے بالخصوص صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بدامنی کے پے درپے واقعات انتہائی تشویشناک ہیں، ان واقعات کے تسلسل سے یہ تاثر مضبوط ہورہا ہے کہ بدامنی کے پس پردہ مذموم مقاصد اور مخصوص عزائم کارفرما ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ صوبائی دارالحکومت میں بار بار اس نوعیت کے واقعات کا رونما ہونا امن و امان کی صورتحال پر کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے اور عوام میں پائی جانے والی بدگمانیوں کو بھی تقویت مل رہی ہے۔ اے این پی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری اور اولین ترجیحات میں شامل ہے، مگر صوبے کے عوام طویل عرصے سے بدامنی، دہشت گردی اور عدم تحفظ کی صورتحال سے دوچار ہیں، جبکہ ہر نئے واقعے کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس مزید بڑھ رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ صوبے کے عوام بھاری بھرکم ٹیکس ادا کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں بنیادی تحفظ بھی میسر نہیں، عوام آئے روز اپنے پیاروں سے محروم ہورہے ہیں جبکہ کاروبار، روزگار اور معمولات زندگی بھی مسلسل متاثر ہورہے ہیں۔ اے این پی نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی اور بدامنی کے خاتمے کے لیے محض بیانات اور وقتی اقدامات کافی نہیں، بلکہ واقعات کے اصل محرکات، سہولت کاروں اور ذمہ دار عناصر تک پہنچنا ہوگا، ہنہ اوڑک دھماکے سمیت حالیہ بدامنی کے واقعات کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور عوام کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔
