کوئٹہ(صداقت انٹرنیشنل ویب نیوز )پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ہزارگنجی کے علاقائی سیکریٹری عبید اللہ بڑیچ، سینئر معاون سیکریٹری منظور ترین، حاجی ظہور احمد کاکڑ اور مختلف یونٹ سیکریٹریز نے ایک مشترکہ بیان میں کیسکو حکام سے شموزئی فیڈر سریاب کے تحت آنے والے علاقوں کی گزشتہ 8 ماہ سے منقطع بجلی فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ رہنماں نے کہا کہ کلی رئیسانی، ناخیل آباد، اختر آباد، زہری ٹان اور گردونواح کے ہزاروں گھرانے طویل عرصے سے بجلی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں، جس کے باعث شدید گرمی میں خواتین، بچوں اور بزرگوں کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ زمینداروں کے تنازع یا واجبات کی آڑ میں عام شہریوں، مزدوروں اور طلبہ کو اجتماعی سزا دینا سراسر ناانصافی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ بجلی نہ ہونے سے پینے کے پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے اور کاروباری و تعلیمی سرگرمیاں بھی مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں۔ رہنماں نے خبردار کیا کہ گزشتہ ماہ پریس کانفرنس کے ذریعے آگاہ کرنے کے باوجود کیسکو حکام نے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا، اگر فوری طور پر بجلی بحال نہ کی گئی تو پارٹی متاثرہ عوام کے ساتھ مل کر شدید احتجاج اور مظاہروں پر مجبور ہوگی، جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔
