مقامی ۵ اگست ۲۰۲۶

ہرنائی کوئلہ کان حادثہ، 34 کان کنوں کی ہلاکت کی تحقیقات شروع

کوئٹہ (ویب نیوز) ضلع ہرنائی میں میسرز سردار عثمان خان جوگیزئی کول کمپنی کی کوئلہ کان میں پیش آنے والے المناک حادثے، جس میں 34 کان کن جاں بحق ہوئے تھے، کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مائنز ایکٹ 1923 کی دفعہ 21 کے تحت قائم کورٹ آف انکوائری کے چیئرمین کی سربراہی میں 4 اگست کو اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تحقیقات کے طریقہ کار اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انکوائری کمیٹی جلد متاثرہ کان کا تفصیلی معائنہ کرے گی جبکہ حادثے سے متعلق تمام دستیاب شواہد، ریکارڈ اور حقائق اکٹھے کیے جائیں گے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات اور ذمہ دار عوامل کا تعین کیا جا سکے۔ کورٹ آف انکوائری نے عوام اور متعلقہ افراد سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے سے متعلق معلومات رکھنے والے یا اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے خواہشمند افراد 10 اگست سے 20 اگست 2026 تک دفتری اوقات میں چیف انسپکٹر مائنز بلوچستان کے دفتر، لنگ سریاب روڈ کوئٹہ، میں حاضر ہو کر اپنا بیان جمع کرا سکتے ہیں۔ حکام کے مطابق تحقیقات کو شفاف اور جامع بنانے کے لیے تمام شواہد اور گواہیوں کو مدنظر رکھا جائے گا تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات تجویز کیے جا سکیں۔