کوئٹہ (صداقت انٹرنیشنل) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان نے ہرنائی اور زیارت کے علاقے مانگی میں کوئلے سے لدے ٹرکوں کو نذرِ آتش کرنے اور تین افراد کے اغوا کے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات صوبے کے امن، معیشت اور عوام کے روزگار پر براہِ راست حملے کے مترادف ہیں۔ جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان پہلے ہی بدامنی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات کا شکار ہے جبکہ ٹرانسپورٹ اور کوئلے کے کاروبار سے ہزاروں خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے۔ ترجمان کے مطابق ٹرکوں کو جلانے اور خوف و ہراس پھیلانے جیسے اقدامات نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کرتے ہیں بلکہ محنت کش طبقے کو بھی شدید مشکلات سے دوچار کر دیتے ہیں۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ سیکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور قومی شاہراہوں سمیت اہم تجارتی راستوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ عوامی نیشنل پارٹی ہمیشہ امن، جمہوریت اور سیاسی استحکام پر یقین رکھتی ہے اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے تمام سیاسی و سماجی قوتوں کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ آخر میں متاثرہ ٹرک مالکان اور محنت کشوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ عوام کو خوف اور بے یقینی کی فضا میں نہیں چھوڑا جا سکتا کیونکہ امن ہی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔
