جھل مگسی(ویب نیوز) جھل مگسی کے علاقے گوٹ سارگانی میں دو گروہوں کے درمیان فائرنگ کے واقعے میں آفتاب احمد ولد غلام مرتضیٰ، ساکن چاکرانی سارگانی قوم، جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی جھل مگسی سٹی پولیس متحرک ہوگئی اور ایس ایچ او کی اطلاع پر جھل مگسی سرکل کے ڈی ایس پی بھاری پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے اور مقتول کی لاش اپنی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے آر ایچ سی جھل مگسی منتقل کردی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرنے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ آخری اطلاعات تک قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تھی، جبکہ علاقے میں خوف اور تشویش کی فضا پائی جا رہی ہے۔
