لورالائی(یو این اے)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی لورالائی کے ضلعی پریس ریلیز میں کہا ہے کہ گورنمنٹ گرلز کالج لورالائی میں تعلیمی زبوں حالی اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے اور صورتحال فوری و ہنگامی مداخلت کی متقاضی ہے۔ کالج میں تدریسی نظام عملا مفلوج ہو چکا ہے؛ متعدد اساتذہ اپنی بنیادی ذمہ داریوں سے غفلت برتتے ہوئے بیشتر وقت اسٹاف روم میں گزار رہے ہیں، جبکہ متعدد کلاسز اور پیریڈز بغیر تدریس کے ضائع ہو رہے ہیں، جس کے نتیجے میں طالبات کا قیمتی تعلیمی مستقبل شدید خطرے سے دوچار ہے۔ مزید افسوسناک امر یہ ہے کہ اساتذہ کی کمی ایک سنگین بحران کی صورت اختیار کر چکی ہے، جبکہ لیبارٹری اور لائبریری جیسی بنیادی تعلیمی سہولیات کو بند کر دینا طالبات کے علمی و عملی ارتقا پر براہِ راست حملہ ہے۔ سرکاری نصابی کتب کی فراہمی کے باوجود بھی طالبات کو کتابوں کی عدم فراہمی انتظامیہ کی نااہلی اور غیر ذمہ داری کا واضح ثبوت ہے۔ کالج میں بنیادی سہولیات کا فقدان بھی ناقابلِ قبول ہے؛ نہ سولر سسٹم موجود ہے، نہ طالبات کے لیے پینے کے صاف پانی کا مناسب انتظام۔ مزید برآں، ٹرانسپورٹ کے نام پر طالبات سے ناجائز اور زائد فیس وصول کرنا کھلی استحصالی روش ہے۔ سب سے زیادہ تشویشناک اور قابلِ مذمت پہلو یہ ہے کہ اپنے جائز اور آئینی حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والی طالبات کو دبانے، خوفزدہ کرنے اور خاموش کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو نہ صرف بنیادی انسانی حقوق بلکہ تعلیمی اقدار کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ہم متعلقہ حکام، محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، اور طالبات کو فوری طور پر ایک محفوظ، باوقار اور معیاری تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے۔
