کوئٹہ(ویب نیوز)گوادر نارتھ فری زون میں پاکستانی اور چینی مشترکہ کمپنی شہزاد اینڈ شا (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو گدھوں کے مذبح خانے اور پروسیسنگ فیکٹری کے قیام کے لیے مزید 4 ایکڑ زمین مختص کردی گئی ہے، جس کے بعد منصوبے کے لیے مختص کل زمین 15 ایکڑ ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق منصوبے کا مقصد گدھوں کے گوشت اور کھالوں کی پروسیسنگ کرکے چین سمیت عالمی منڈیوں کو برآمد کرنا ہے۔ منصوبے میں گدھوں کے لیے مخصوص مذبح خانہ، جدید پروسیسنگ یونٹس، کولڈ اسٹوریج، گوشت کی پیکنگ، کھالوں کی پروسیسنگ اور دیگر متعلقہ سہولیات قائم کرنے کا منصوبہ شامل ہے۔ منصوبے کے تحت سالانہ ایک لاکھ 50 ہزار گدھوں کی پروسیسنگ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ مکمل صلاحیت فعال ہونے کے بعد جانوروں کی خریداری، نقل و حمل، ویٹرنری معائنہ، ذبح، پروسیسنگ، کولڈ چین، پیکنگ اور برآمدات کے لیے منظم نظام درکار ہوگا۔ ذرائع کے مطابق منصوبے کا بنیادی مقصد چین کو گدھوں کا گوشت اور کھالیں برآمد کرنا ہے، جبکہ گوادر نارتھ فری زون میں اس کا قیام کمپنی کو برآمدی سرگرمیوں کے لیے تجارتی سہولیات فراہم کرے گا۔ منصوبے کے لیے متعلقہ پاکستانی اور چینی اداروں سے ضروری اجازت نامے اور این او سیز بھی حاصل کیے جاچکے ہیں۔ منصوبے کی تکمیل سے گوادر میں روزگار اور صنعتی سرگرمیوں میں اضافے کی توقع ہے جبکہ مویشی پالنے والوں، تاجروں، ٹرانسپورٹ کمپنیوں، مزدوروں، ویٹرنری خدمات، پروسیسنگ اور پیکنگ کے شعبوں میں نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبے کے بڑے حجم کے باعث ماحولیاتی تحفظ، صحت عامہ، مذبح خانے کے فضلے کو سائنسی طریقے سے ٹھکانے لگانے، جانوروں کی صحت، صفائی، معیاری پیکنگ، کولڈ چین اور عالمی غذائی معیار پر عمل درآمد بھی انتہائی اہم ہوگا۔ مزید 4 ایکڑ زمین مختص ہونے کے بعد منصوبے کا کل رقبہ 15 ایکڑ ہوگیا ہے، تاہم فیکٹری کی تعمیر، پیداوار کے آغاز، برآمدات کے حجم اور روزگار کے مواقع سے متعلق حتمی تفصیلات منصوبے کی تکمیل اور عملی سرگرمیوں کے آغاز کے بعد سامنے آئیں گی۔
