مقامی ۲۳ مئی ۲۰۲۶

کچے کے ڈاکوں سے 11 سالہ بچی بحفاظت بازیاب، قبائلی قافلے کی کوششیں کامیاب

کوئٹہ(ڈیلی صداقت انٹرنیشنل (اردو)) کچے کے ڈاکوں کے قبضے میں موجود 11 سالہ معصوم بچی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا، جس کے بعد اہلِ خانہ اور مختلف علاقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ پولیس اور علاقائی ذرائع کے مطابق بچی کے اغوا کے خلاف کوئٹہ اور دیگر پشتون علاقوں سے غیرتِ قومی کے تحت سینکڑوں مسلح افراد پر مشتمل ایک بڑا قبائلی قافلہ کچے کے خطرناک علاقوں کی جانب روانہ ہوا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قبائلی لشکر کی پیش قدمی، دباؤ اور موثر اقدامات کے باعث اغوا کار پسپا ہونے پر مجبور ہوگئے، جس کے نتیجے میں معصوم بچی کو بحفاظت بازیاب کر لیا گیا۔ بچی کی واپسی پر قبائلی عمائدین اور شہریوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس اتحاد اور مشترکہ جدوجہد کو مظلوم خاندان کی حمایت میں ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔