مقامی ۲۶ جولائی ۲۰۲۶

کوہلو میں بی اینڈ آر کے خلاف سوشل میڈیا مہم بے بنیاد قرار

کوئٹہ (ویب نیوز)کوہلو میں عوامی و سماجی حلقوں نے محکمہ تعمیرات و مواصلات (بی اینڈ آر) کے خلاف سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کو بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مقصد ترقیاتی عمل کو متنازع بنانا ہے۔ ذرائع کے مطابق جس پل سے متعلق خبریں گردش کر رہی ہیں وہ 2013 میں این ایل سی نے تعمیر کیا تھا اور 2022 کے تباہ کن سیلاب میں بہہ گیا تھا، جبکہ گاڑدوغ کے مقام پر زیر تعمیر پل وفاقی بجٹ کے تحت جاری منصوبہ ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایگزیکٹو انجینئر محبت مری کی تعیناتی کے بعد ضلع بھر میں سڑکوں، سرکاری عمارتوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور انہوں نے تمام ٹھیکیداروں کو نامکمل منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی اور بلیک لسٹ کرنے سمیت سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ عوامی نمائندوں نے ذمہ دارانہ رپورٹنگ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلاجواز پروپیگنڈا ترقیاتی کاموں کو متاثر کرنے اور عوام میں بے چینی پیدا کرنے کا سبب بنتا ہے۔