مقامی ۹ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ: 8 اگست بلوچستان کی تاریخ کا سیاہ دن اور ناقابل فراموش سانحہ ہے، ڈاکٹر اسحاق بلوچ

کوئٹہ(ویب نیوز)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر اسحاق بلوچ نے کہا ہے کہ 8 اگست بلوچستان کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، کیونکہ اس روز قانون کے محافظوں اور آئین کے دفاع کے لیے جدوجہد کرنے والے وکلا کے خلاف منظم دہشت گرد حملہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دردناک واقعے میں بڑی تعداد میں وکلا شہید اور متعدد زخمی ہوئے اور اس سانحے کا درد آج بھی بلوچستان کے عوام کے دلوں میں تازہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت ڈاکٹر انہوں نے سانحے کے وقت زخمیوں کو اپنی آنکھوں سے دیکھا تھا اور اگر اس وقت طبی سہولیات، طبی عملہ، آپریشن تھیٹرز اور آپریشن ٹیبلز زیادہ تعداد میں دستیاب ہوتے تو شاید کئی قیمتی انسانی جانیں بچائی جاسکتی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے متعدد زخمی وکلا سے بات کی تھی، تاہم جسم کے اندرونی حصے میں خون بہنے کے باعث بعض افراد کی جان بچانا ممکن نہیں تھا۔ ڈاکٹر اسحاق بلوچ نے کہا کہ جن زخمیوں کو معروف سرجن ڈاکٹر جمیل خان اور ان کی ٹیم کی نگرانی میں بروقت اور مؤثر طبی سہولیات فراہم کی گئیں، ان کی صحت بحال ہوگئی، جو طبی عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور خدمت کے جذبے کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحے سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ مستقبل میں کسی بھی بڑے ہنگامی واقعے سے نمٹنے کے لیے جامع منصوبہ بندی، جدید طبی سہولیات، تربیت یافتہ طبی عملہ اور مضبوط ایمرجنسی طبی نظام ضروری ہے۔ انہوں نے ٹراما سینٹر کے قیام کو قابل تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر ارباب کامران کی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے زور دیا کہ ٹراما سینٹر کو جدید طبی آلات، ضروری طبی عملے اور تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ مستقبل میں ہنگامی حالات کے دوران زیادہ سے زیادہ انسانی جانیں بچائی جاسکیں۔