مقامی ۱۲ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ کے پارک عزت دار خاندانوں کے لیے وبالِ جان بن گئے، آوارہ نوجوانوں کی بھرمار

کوئٹہ (ویب نیوز) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے بیشتر پارکوں کے اندر اور باہر آوارہ اور اوباش نوجوانوں کی موجودگی شہریوں، بالخصوص فیملیز کے لیے شدید پریشانی کا باعث بن گئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شام کے اوقات میں پارکوں میں نوجوانوں کے گروہوں کی نازیبا حرکات، بدتمیزی اور خواتین و بچیوں کو ہراساں کرنے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث عزت دار خاندانوں نے سیر و تفریح کے لیے پارکوں کا رخ کم کردیا ہے۔ بعض خاندانوں کے مطابق پارک کے داخلی راستوں پر بھی نوجوان خواتین اور بچیوں کو گھورتے اور فقرے کستے ہیں، جس سے خواتین خود کو غیر محفوظ محسوس کرتی ہیں۔ شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پارکوں میں سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں، سی سی ٹی وی کیمروں کا نظام فعال بنایا جائے اور بدتمیزی و ہراسانی میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔