مقامی ۱۰ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ کے موجودہ حکمران عوامی مینڈیٹ کے بجائے فارم 47 کی پیداوار ہیں، جمعیت علمائے اسلام

کوئٹہ (ویب نیوز) ــ جمعیت علمائے اسلام کوئٹہ کے ضلعی امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، ضلعی جنرل سیکریٹری حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب مولانا خورشید احمد، سرپرست مفتی محمد روزی خان اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ ملک پر حکمران طبقہ عوامی مینڈیٹ کے بجائے فارم 47 کی پیداوار ہے۔ ان کے مطابق انتخابی میدان میں ایسے امیدوار بھی موجود تھے جو اپنے حلقوں میں ایک ہزار ووٹ حاصل کرنے کی پوزیشن میں نہیں تھے، تاہم فارم 47 کے ذریعے انہیں عوامی مینڈیٹ پر مسلط کرکے ملک اور عوام کے فیصلوں کا اختیار سونپ دیا گیا۔ جمعیت علمائے اسلام کے رہنماؤں نے اس عمل کو عوام کے ووٹ کی توہین اور جمہوری اقدار و انتخابی نظام کے لیے ایک بڑا سوال قرار دیتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں وہ حکمران جماعتیں جو خود کو جمہوریت کی علمبردار قرار دیتی ہیں، اقتدار حاصل کرنے کے لیے جمہوری اصولوں اور عوامی مینڈیٹ کو پامال کرنے سے بھی گریز نہیں کرتیں۔ ان کے مطابق عوام کے ووٹ کو بے وقعت کرنا اور اقتدار کے لیے اس سے انحراف کرنا جمہوریت نہیں بلکہ جمہوریت کی روح کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک میں حقیقی جمہوریت اسی وقت مضبوط ہو سکتی ہے جب عوام کے آزادانہ ووٹ کا احترام، شفاف انتخابات اور حقیقی عوامی نمائندگی یقینی بنائی جائے۔