کوئٹہ (ویب نیوز) دو ہفتے گزرنے کے باوجود گیس پائپ لائن کی مرمت کا کام مکمل نہیں ہوسکا اور شہریوں کو گیس کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات بھی نہیں کیے گئے۔ گیس کی قلت کے باعث عوام جدید دور میں بھی مہنگی ایل پی جی اور لکڑی بطور ایندھن استعمال کرنے پر مجبور ہیں، جس سے گھریلو اخراجات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کی مسلسل بندش نے ان کی زندگی اجیرن کردی ہے اور انہیں ذہنی دباؤ اور مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گھریلو اور تجارتی صارفین کو مسلسل اور مکمل پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ گیس کی عدم دستیابی کے ساتھ ہزاروں روپے کے اضافی فکس چارجز اور اوور بلنگ کی شکایات نے بھی شہریوں کی پریشانی میں اضافہ کردیا ہے۔
