کوئٹہ(ویب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر اور ضلعی سیکرٹری کوئٹہ سید شراف آغا نے کوئٹہ میں پانی کے شدید بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واٹر ٹینکر مالکان کی ہڑتال نے شہریوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے، جبکہ محکمہ واسا پہلے ہی پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے لاکھوں شہری پانی کی ایک ایک بوند کو ترس رہے ہیں، لیکن حکومت اور ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ بیان کے مطابق چند روز قبل 2500 سے 3000 روپے میں ملنے والا پانی کا ٹینکر مصنوعی قلت اور بحران کے باعث 7000 روپے تک فروخت ہو رہا ہے، جس سے غریب اور متوسط طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران اور بااثر افراد کو سرکاری اسکیموں سے پانی باآسانی مل رہا ہے جبکہ عام شہری دربدر پھر رہے ہیں۔ انہوں نے واٹر ٹینکر مالکان کی جانب سے شہریوں کو پانی سے محروم کرنے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اگر ان کے مطالبات جائز ہیں تو حکومت فوری مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرے، جبکہ حکومت، کمشنر کوئٹہ، ڈپٹی کمشنر اور محکمہ واسا ہنگامی بنیادوں پر شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔
