مقامی ۱۰ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ میں صفائی کی صورتحال ابتر، جراثیم کش اسپرے کی عدم دستیابی سے متعدی امراض پھیلنے کا خدشہ

کوئٹہ (ویب نیوز) ــ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کوئٹہ کے ضلعی دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر میں صفائی کی ناقص صورتحال، جگہ جگہ جمع کچرے، جراثیم کش اسپرے کی عدم دستیابی اور آوارہ و پاگل کتوں کی بڑھتی تعداد کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور صحت کے بحران کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ متعلقہ اداروں کی ناقص کارکردگی اور انتظامی ناکامی کے باعث صوبائی دارالحکومت صحت کے مسائل سے دوچار ہو رہا ہے۔ پارٹی نے کہا کہ ’’صفا پروجیکٹ‘‘ شہر کی صفائی اور ٹھوس کچرے کے انتظام کے حوالے سے اپنے بنیادی مقصد کو پورا نہیں کر سکا اور شہر کی متعدد اہم شاہراہیں، بازار، رہائشی علاقے، تعلیمی اداروں کے اطراف اور گلیاں کچرے کے ڈھیروں میں تبدیل ہو چکی ہیں، جبکہ کئی علاقوں میں گندے پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث شہریوں کو پیدل آمدورفت میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ بیان میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ بارشوں اور گرم موسم کے دوران مچھروں، مکھیوں اور دیگر بیماری پھیلانے والے حشرات کی روک تھام کے لیے باقاعدگی سے اسپرے نہ ہونے کے باعث ملیریا، ڈینگی، گیسٹرو اور دیگر متعدی امراض کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ اسی طرح آوارہ اور پاگل کتوں کی بڑھتی تعداد پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سڑکوں، محلوں، پارکوں، بازاروں اور بالخصوص اسکولوں کے اطراف آوارہ کتے آزادانہ گھوم رہے ہیں، جبکہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات نے خصوصاً بچوں کے والدین کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔ پارٹی کے بیان میں متعلقہ اداروں کے اس مؤقف کا بھی ذکر کیا گیا ہے کہ کتوں کو پکڑنے کے لیے تربیت یافتہ عملے، ادویات، ویکسین اور دیگر ضروری سامان کی کمی ہے۔ پارٹی نے کہا کہ اگر ادارے واقعی وسائل کی کمی کا شکار ہیں تو حکومت کو فوری طور پر انہیں ضروری بجٹ، افرادی قوت، آلات اور ادویات فراہم کرنی چاہئیں۔ بیان میں حکومت، ضلعی انتظامیہ، کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن اور صفا پروجیکٹ کے حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ کوئٹہ میں ہنگامی بنیادوں پر صفائی کی خصوصی مہم شروع کی جائے، شہر کے تمام علاقوں سے کچرا فوری طور پر اٹھایا جائے اور مچھروں و بیماری پھیلانے والے حشرات کے خاتمے کے لیے باقاعدگی سے جراثیم کش اسپرے کیا جائے۔ اسی طرح آوارہ اور پاگل کتوں کی روک تھام کے لیے مؤثر، محفوظ اور انسانی اصولوں کے مطابق مہم شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ بیان میں زور دیا گیا کہ کوئٹہ کے شہریوں کو صاف، محفوظ اور صحت مند ماحول میں زندگی گزارنے کا بنیادی حق حاصل ہے جبکہ شہر کو صاف رکھنے میں حکومت کے ساتھ ساتھ عوام کی ذمہ داری بھی اہم ہے۔