کوئٹہ(ویب ڈیسک) بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سبزیوں، آٹے اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے جبکہ مقامی انتظامیہ کی مبینہ غفلت پر شہریوں کی جانب سے سخت تنقید کی جارہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کوئٹہ میں مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے اور ٹماٹر، آلو، پرانے آلو، پیاز، بھنڈی، کریلا، توری، ہری مرچ، دھنیا، چینی، آٹا اور دالوں سمیت مختلف اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی اس لہر نے ان کے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے جبکہ سبزیوں اور دیگر خوراکی اشیا کی قیمتوں میں اضافے کے باعث غریب اور متوسط طبقے کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام بھی مشکل ہوگیا ہے۔ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں سبزیوں کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، تاہم اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے مقامی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ غریب اور متوسط طبقہ اس شدید معاشی دباؤ سے نکل سکے اور انہیں کچھ ریلیف حاصل ہو۔
