مقامی ۱۲ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ شہر کی اسٹریٹ لائٹس ناکارہ، اندھیروں میں ڈوبا شہر شہریوں کے لیے خطرہ بن گیا

کوئٹہ (ویب نیوز) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں اسٹریٹ لائٹس کی بندش اور خرابی کے باعث شہر کے متعدد علاقے رات کے وقت اندھیروں میں ڈوب گئے ہیں، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات اور سیکیورٹی خدشات کا سامنا ہے۔ اہم شاہراہوں، بازاروں، گلیوں اور رہائشی علاقوں میں روشنی نہ ہونے کے باعث ٹریفک حادثات کے ساتھ چوری، راہزنی اور دیگر جرائم میں بھی اضافے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو شکایات درج کرائی گئیں، تاہم تاحال مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ خراب اسٹریٹ لائٹس کی فوری مرمت کی جائے، جرائم کی روک تھام کے لیے رات کے وقت نگرانی بڑھائی جائے اور شہر میں جدید و خودکار اسٹریٹ لائٹس کا نظام نصب کیا جائے۔