مقامی ۱۴ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ، داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی مزید سخت

کوئٹہ (ویب نیوز) یومِ آزادی کے موقع پر کوئٹہ شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی مزید سخت کردی گئی جبکہ مختلف مقامات پر اضافی اہلکار تعینات کردیے گئے۔ کوئٹہ کے مختلف امام بارگاہوں، مساجد اور اہم سرکاری عمارتوں پر بھی سکیورٹی کے انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں۔ سکیورٹی حکام کے مطابق شہر میں داخل ہونے اور باہر جانے والی گاڑیوں اور افراد کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے، جبکہ اہم شاہراہوں اور حساس مقامات پر سکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی بھی بڑھا دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کوئٹہ کی مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور نماز کے اوقات میں اہلکاروں کی تعیناتی مزید بڑھانے کے ساتھ مشکوک افراد اور گاڑیوں پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔ سکیورٹی ہائی الرٹ کے پیش نظر شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے حالات پر نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کی موجودگی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ 14 اگست کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنائے گئے ہیں۔