مقامی ۲۱ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ سے مبینہ اغوا ہونے والا کمسن بچہ سرانان سے بازیاب، بھکاریوں کا گروہ گرفتار

کوئٹہ(ویب ڈیسک) کوئٹہ کے جنگل پیرعلیزئی علاقے سے مبینہ طور پر اغوا کیے گئے کمسن بچے کو پولیس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے سرانان کے علاقے سے بازیاب کرلیا، جبکہ بچے کو مبینہ طور پر اپنے ساتھ لے جانے والے بھکاریوں کے گروہ کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کا تعلق سندھ سے بتایا جاتا ہے اور ان پر الزام ہے کہ وہ بچوں کو اپنے ساتھ مختلف علاقوں میں لے جا کر بھیک مانگنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ پولیس نے بچے کو اپنی تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی شروع کردی ہے جبکہ گرفتار افراد سے مزید تفتیش جاری ہے۔ کوئٹہ پولیس نے اس سے قبل عوام، والدین، اسکولوں اور مدارس سے اپیل کی تھی کہ بچوں کی حفاظت یقینی بنائیں اور نامعلوم افراد، خصوصاً بھیک مانگنے کے لیے آنے والے گروہوں سے محتاط رہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق بعض بھکاری گروہوں کے حوالے سے شکایات بھی سامنے آئی ہیں کہ وہ کمسن بچوں کو مختلف علاقوں میں لے جا کر بھیک مانگنے پر مجبور کرتے ہیں، جبکہ بعض واقعات میں بچوں کو جسمانی نقصان پہنچانے اور معذوری کی حالت میں بھیک مانگنے پر مجبور کرنے کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ان دعوؤں کی مکمل تحقیقات ضروری ہیں۔ پولیس نے والدین سے اپیل کی ہے کہ بچوں کو اکیلا نہ چھوڑیں، مشتبہ افراد یا بھکاری گروہوں کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں اور کسی بچے کے لاپتہ ہونے کی صورت میں بلا تاخیر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کریں۔