کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کی جانب سے سوراب واقعے کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر پولیس نے پریس کلب جانے والے تمام راستے بند کردیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مختلف مقامات پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کرنے کے ساتھ قیدی وین بھی طلب کرلی گئی ہے، جبکہ پریس کلب جانے والے راستوں پر خاردار تاریں اور قیدی وینیں لگا کر راستے بند کیے گئے ہیں۔ بی این پی رہنما اور معروف وکیل ساجد ترین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وہ ہر حال میں پریس کلب پہنچیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پریس کلب کو ہر طرف سے بند کیے جانے کا پتا چلا ہے، تاہم جہاں انہیں روکا گیا وہیں بیٹھ جائیں گے اور احتجاج کریں گے۔
