مقامی ۱۲ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ: بلوچستان پولیس میں بڑے پیمانے پر تبادلے اور تقرریاں، نوٹیفکیشن جاری

کوئٹہ(ویب نیوز)بلوچستان کے مرکزی پولیس دفتر کی جانب سے جاری اعلامیے میں پولیس کے اعلیٰ اور درمیانے درجے کے افسران کے بڑے پیمانے پر تبادلوں اور نئی تقرریوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق بلوچستان کی گوادر کوسٹل ہائی وے کے ڈی آئی جی عبدالقیوم پتافی کو لسبیلہ رینج کا ڈی آئی جی مقرر کردیا گیا ہے، جبکہ تعیناتی کے منتظر امتیاز احمد خان کو کوئٹہ مرکزی پولیس دفتر میں ٹریننگ اے آئی جی اور جاوید احمد خان کو بلوچستان پولیس کے موٹر ٹرانسپورٹ کا ایس ایس پی مقرر کیا گیا ہے۔ بلوچستان کانسٹیبلری کے کوئٹہ مرکزی دفتر کے ڈی ایس پی بابر مشتاق کا تبادلہ کرکے انہیں ڈیرہ بگٹی کا ایس ڈی پی او مقرر کیا گیا ہے۔ محمد یونس مگسی کو سیندک سکیورٹی کا ڈی ایس پی، تاج محمد کو خاران کا ایس ڈی پی او اور محمد اعظم خان کو سوئی کا ایس ڈی پی او مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح غلام حیدر منجو کو نوکنڈی کا ایس ڈی پی او تعینات کیا گیا ہے جبکہ ان کے پیشرو محمد اکبر خان کو مرکزی پولیس دفتر میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محسن رضا کو خاران کے ایس ڈی پی او سے تبدیل کرکے سرِ خاران کا ایس ڈی پی او مقرر کیا گیا ہے، جبکہ کوئٹہ کے ڈسٹرکٹ انسپکٹر عبدالجبار کو رکنی کا ایس ڈی پی او اور محی الدین کو کوئٹہ کا اے آر یو کمانڈر مقرر کیا گیا ہے۔