مقامی ۲۲ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ، کراچی قومی شاہراہ بدحالی اور دہشت گردی کا شکار، مسافر و ٹرانسپورٹرز مشکلات سے دوچار

کوئٹہ(ویب نیوز) کوئٹہ، کراچی قومی شاہراہ طویل عرصے سے خستہ حال سڑک، گڑھوں اور ٹوٹ پھوٹ کے ساتھ ساتھ بدامنی اور دہشت گردی کے واقعات کے باعث مسافروں، ٹرانسپورٹ کمپنیوں اور کاروباری حلقوں کے لیے تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔ عوامی حلقوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ شاہراہ کی تعمیر و بحالی کے ساتھ مسافروں کے تحفظ کے لیے بھی مؤثر سکیورٹی اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ شاہراہ بلوچستان کی اہم تجارتی اور سفری گزرگاہ ہے جہاں روزانہ مسافر بسیں، کوچز، مال بردار ٹرک اور دیگر گاڑیاں سفر کرتی ہیں، تاہم سڑک کی خراب حالت سے سفر میں مشکلات، گاڑیوں کی خرابی اور اخراجات میں اضافہ ہورہا ہے۔ ٹرانسپورٹرز کے مطابق بدامنی کے باعث رات کے وقت سفر کرنے والے ڈرائیور اور مسافر خود کو محفوظ محسوس نہیں کرتے۔ عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شاہراہ کے حساس علاقوں میں سکیورٹی بڑھائی جائے، گشت مؤثر بنایا جائے اور مسافر گاڑیوں کے لیے خصوصی حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ لوگ کوئٹہ سے کراچی تک اطمینان کے ساتھ سفر کرسکیں۔ انہوں نے زور دیا کہ کوئٹہ، کراچی شاہراہ بلوچستان کی معیشت اور عوامی رابطوں کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے، اس لیے اس کی تعمیر، دیکھ بھال اور سکیورٹی کو حکومتی ترجیحات میں شامل کیا جائے۔